Pakistan
ننکانہ، 9 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے ملزمان سی سی ڈی مقابلے میں ہلاک
پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب کے تھانہ صدر کی حدود میں ڈکیتی کے بعد موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے والے ملزمان کا سی سی ڈی سے مبینہ مقابلہ ہوا۔
پولیس کے مطابق ملزمان ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے، جس پر سی سی ڈی ٹیم نے ان کا تعاقب کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں تینوں مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ملزمان کے نام ہارون، علی حسنین اور عاکف بتائے جا رہے ہیں۔ ہلاک ملزمان ننکانہ میں چند روز قبل 9 سالہ رفعت فاطمہ کے اغوا، زیادتی اور قتل کے مقدمے میں مطلوب تھے۔
ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی، جبکہ ان کے تین ساتھی اندھیرے میں فرار ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔