مشکوک گاڑیاں تعاقب کر رہی ہیں،سکیورٹی واپس لے لی گئی،بہن میر رضا
کراچی میں قتل ہونے والے نوجوان تاجر میر رضا کی بہن نے اپنے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ کچھ مشکوک گاڑیاں ان کے خاندان کا تعاقب کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خاندان کو فراہم کی گئی سکیورٹی اچانک واپس لے لی گئی۔
میر رضا کی بہن نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ہماری درخواست پر ہمیں ایک اہلکار کی سکیورٹی فراہم کی گئی تھی، تاہم ہمیں بتائے بغیر یہ سکیورٹی واپس لے لی گئی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مشکوک گاڑیوں کی جانب سے خاندان کا پیچھا کیا جا رہا ہے۔
میر رضا کی بہن نے بتایا کہ ہماری گلی کے قریب ایک مشکوک گاڑی پیچھا کرتی ہوئی آئی، تاہم ان کے والد نے دوسری گلی سے گاڑی نکال لی۔ ان کی والدہ بالکنی میں انتظار کر رہی تھیں اور انہوں نے بھی مذکورہ گاڑی کو پیچھے آتے دیکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ گھر کے قریب پہنچے تو 2 گاڑیاں ان کا پیچھا کر رہی تھیں۔ بعد ازاں ان کے والد نے فون کیا، جس کے بعد پولیس کی موبائل موقع پر پہنچ گئی۔