Breaking News

یوکرین،روسی کارٹون ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ سے وابستہ افراد،اداروں پر پابندیاں

یوکرین،روسی کارٹون ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ سے وابستہ افراد،اداروں پر پابندیاں
۴ گھنٹے پہلے

یوکرین نے روس کے عالمی سطح پر مقبول بچوں کے کارٹون ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ سے وابستہ پروڈیوسرز اور تقسیم کاروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

 

یوکرینی حکومت کا مؤقف ہے کہ کارٹون روس کے حق میں مثبت بیانیہ اجاگر کرنے اور اس کے ثقافتی اثر و رسوخ کو بڑھانے کا ذریعہ بن رہا ہے، جس کے باعث اسے قومی سلامتی کے لیے ممکنہ خطرہ سمجھا جا رہا ہے۔

 

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کی وزیرِ ثقافت تاتیانا بریژنا نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ حکومت نے کارٹون کی تیاری اور تقسیم سے منسلک افراد اور اداروں کے خلاف پابندیاں نافذ کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے تحت یوکرین میں کارٹون کے مواد تک رسائی محدود کرنے کے علاوہ عالمی پلیٹ فارمز پر اس کی آمدنی اور تقسیم روکنے کے لیے بھی قانونی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

 

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اس سلسلے میں جمعرات کو حکم نامے پر دستخط کیے۔ پابندیوں میں کارٹون تیار کرنے والے اسٹوڈیو اینیماکارڈ کے ساتھ ساتھ سیریز سے وابستہ دیگر افراد اور اداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

 

’ماشا اینڈ دی بیئر‘ دنیا کے مقبول ترین بچوں کے کارٹونز میں شمار ہوتا ہے، جس کی کہانی ماشا نامی شرارتی بچی اور اس کے دوست ریٹائرڈ سرکس ریچھ کے گرد گھومتی ہے۔ اس کی غیر معمولی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یوٹیوب پر کارٹون کی ویڈیوز کو مجموعی طور پر 37 ارب سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، جبکہ بعض اقساط کے ویوز 4 ارب سے بھی تجاوز کر چکے ہیں۔ یہ کارٹون دنیا کے تقریباً 100 ممالک میں نشر کیا جاتا ہے۔

 

تاہم یوکرین کے علاوہ برطانیہ اور ایسٹونیا سمیت بعض اتحادی ممالک بھی ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ پر اعتراض کر چکے ہیں۔ ان ممالک کا مؤقف ہے کہ کارٹون روس کا ایک مثبت تاثر پیش کرتا ہے اور اسے روسی ثقافتی اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے نرم طاقت کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

یوکرین کی وزیرِ ثقافت تاتیانا بریژنا نے واضح کیا کہ بچوں کے پروگراموں کو روسی پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق نئی پابندیوں کا مقصد یوکرین میں کارٹون کی رسائی محدود کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی پلیٹ فارمز پر اس کی آمدنی اور تقسیم کو بھی روکنا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں