Breaking News

اب کی بار 20 نہیں 40 لاکھ لوگ لے کر جائیں گے،سہیل آفریدی

اب کی بار 20 نہیں 40 لاکھ لوگ لے کر جائیں گے،سہیل آفریدی
۴ گھنٹے پہلے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 تاریخ کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، اب کی بار 20 نہیں 40 لاکھ لوگ لے کر جائیں گے۔ عمران خان کے علاج سے متعلق تین ججز کے فیصلے کو حکومت نے ردی کی ٹوکری میں پھینک کر ججز کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔ ایک دفعہ پھر اس ملک کے ’’ان ٹچیبل‘‘ نے ثابت کیا کہ وہ آئین و قانون سے بالاتر ہیں۔

 

ہنگو میں اسٹریٹ موومنٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمارے خلاف عدالت، ایف آئی اے یا کوئی اور ادارہ حکم دیتا ہے تو ایک گھنٹے میں اس پر عملدرآمد ہو جاتا ہے، 15 منٹ میں پولیس پہنچ جاتی ہے۔ عمران خان کے علاج کے لیے عدالتوں نے 2 دنوں کا وقت دیا، مگر جو خود کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں انہوں نے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ اگر عدالتیں ان ’’ان ٹچیبل‘‘ کو کٹہرے میں نہیں لا سکتیں تو انہیں مظلوموں کو بھی سزا سنانے کا کوئی حق نہیں۔ اگر ظالموں اور طاقتوروں کو سزائیں نہیں سنائی جا سکتیں تو عدلیہ سے گزارش ہے کہ جن کمزور لوگوں کو قید کیا ہے انہیں بھی آزاد کر دیں۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک ملک میں کمزور کے لیے ایک قانون ہو اور طاقتور کے لیے دوسرا قانون ہو۔

 

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے حقیقی آزادی کی جو جدوجہد شروع کی ہے، اس کا مقصد کمزور اور طاقتور کے لیے ایک قانون ہے۔ عدالتوں کو سوچنا ہوگا کہ یہ ملک کو کس طرف لے جا رہے ہیں۔ کسان پریشان ہے، صنعتکار سرمایہ ملک سے باہر منتقل کر رہا ہے۔ اگر ان کا فیصلہ ہے کہ انہوں نے طاقتور کو بچانا ہے تو ہم اس فیصلے سے باغی ہیں۔ نوجوانوں نے ملک کا فیصلہ کرنا ہے، انہیں اپنے مستقبل کے لیے کھڑا ہونا ہے۔

 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی خواتین پر ظلم و جبر کیا جا رہا ہے، عمران خان کی بہنوں کی بے توقیری کی گئی، اب ان کے پاس عورت کارڈ کا پتا بھی ختم ہوگیا۔ عمران خان سے ہم جنون کی حد تک عشق کرتے ہیں، ہم خان کی بہن کے ایک ایک آنسو کی قیمت چکائیں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں