آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ کا عمل پیر کو ہوا۔
اسمبلی ہال مظفرآباد میں پولنگ کا آغاز صبح 10 بجے ہوا، جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔
خواتین کی 5 مخصوص نشستوں کے لیے 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ مسلم لیگ ن نے 4 خواتین جبکہ پیپلزپارٹی کی طرف سے 3 امیدواروں کو نامزد کیا گیا تھا، تاہم پیپلزپارٹی کی طرف سے شاہین کوثر ڈار نے کاغذات واپس لے لیے تھے۔
ٹیکنوکریٹس کی نشست پر پیپلزپارٹی کی طرف سے صاحبزادہ ذوالفقار علی جبکہ مسلم لیگ ن کی طرف سے بیرسٹر افتخار گیلانی آمنے سامنے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق علماء و مشائخ کی نشست کے لیے مسلم لیگ ن کی طرف سے مظہر سعید جبکہ پیپلزپارٹی سے حافظ طارق محمود مدمقابل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اوورسیز کشمیری کی نشست پر عبدالرحمان آرائیں بلامقابلہ ممبر اسمبلی منتخب ہوئے۔ عبدالرحمان نے مسلم لیگ ن کی طرف سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے، جبکہ عبدالرحمان آرائیں کے مقابلے میں پیپلزپارٹی کی طرف سے کوئی امیدوار سامنے نہیں آ سکا۔