بھارت میں نوجوانوں کےاحتجاج پرطاقت کا حد سے زیادہ استعمال کیا،ایمنسٹی انٹرنیشنل
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ بھارت میں نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کے دوران پولیس نے طاقت کا حد سے زیادہ استعمال کیا۔ پولیس کی طرف سے پیلٹ گنز، آنسو گیس اور بجلی کے جھٹکے دینے والے آلات بھی استعمال کیے گئے۔
عالمی تنظیم کی رپورٹ بھارتی پولیس کے اس مؤقف سے متصادم ہے کہ مظاہرین کی طرف سے تشدد کا راستہ اختیار کرنے کے بعد ہی طاقت کا استعمال کیا گیا۔
ایمنسٹی کے مطابق اس نے عینی شاہدین کے بیانات اور تصدیق شدہ ویڈیو و بصری شواہد کی بنیاد پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت نئی دہلی اور مشرقی ریاست بہار میں مظاہرین کے خلاف پیلٹ فائر کرنے والی شاٹ گنز، آنسو گیس لانچرز، گرینیڈز، لاٹھیاں اور بجلی کے جھٹکے دینے والے آلات استعمال کیے گئے۔
تنظیم نے بہار کے ضلع سیوان میں پولیس اہلکار کی جانب سے ہجوم پر غیر قانونی طور پر مہلک طاقت استعمال کرنے کے 2 واقعات کی بھی نشاندہی کی، تاہم ان میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔