Breaking News

21 سابق کرکٹ کپتانوں کاعمران خان کے علاج کیلئےوزیر اعظم کو خط

21 سابق کرکٹ کپتانوں کاعمران خان کے علاج کیلئےوزیر اعظم کو خط
۱ منٹ پہلے

دنیا کے 21 سابق کرکٹ کپتانوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ایک اور خط لکھا ہے، جس میں سابق کپتان اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی علاج کے لیے اپیل کی گئی ہے۔

 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق خط لکھنے والوں میں سابق انگلش کپتان مائیک ایتھرٹن، گریگ چیپل، ایان چیپل، ارجونا رانا ٹنگا، لی جرمون، ایلن بارڈر، ناصر حسین، ایلسٹر کک، اینڈریو اسٹراس، اسٹیو وا، ڈیوڈ گاور، جان رائٹ اور سر کلائیو لائیڈ بھی شامل ہیں۔

 

خط میں 3 مطالبات کیے گئے ہیں، جن میں عمران خان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد، اہلِ خانہ کو ملاقاتوں کی اجازت اور طبی معائنے کے مطابق علاج شامل ہیں۔

 

خط میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم سیاست دان نہیں ہیں، ہم صرف سابق کولیگ کے طور پر ایک خط لکھ رہے ہیں، جنہوں نے کرکٹ کے میدان میں عمران خان کے ساتھ وقت گزارا ہے اور یہ ایک ایسا کھیل ہے جو سرحدوں اور نظریات سے ہٹ کر لوگوں کو آپس میں جوڑتا ہے۔

 

خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے ایک آزادانہ میڈیکل بورڈ کے ذریعے عمران خان کے طبی معائنے کا حکم دیا تھا، ’’لیکن ہماری اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کے برعکس سرکاری ڈاکٹرز کی ٹیم نے ان کا معائنہ کرکے انہیں فِٹ قرار دے دیا۔

 

سابق کپتانوں کی جانب سے لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ کو عمران خان کی صحت، اور خاص طور پر ان کی دائیں آنکھ کی بینائی جانے کی اطلاعات کا ’’مکمل اور آزادانہ جائزہ لینے کی اجازت دی جائے۔‘‘

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں