Breaking News

اسرائیلی انتخابات ، سوشل میڈیا سےعوامی رائے پر اثرانداز ہونے پر تشویش

اسرائیلی انتخابات ، سوشل میڈیا سےعوامی رائے پر اثرانداز ہونے پر تشویش
۱ منٹ پہلے

اسرائیل میں آئندہ عام انتخابات سے قبل سوشل میڈیا کے ذریعے انتخابی عمل اور عوامی رائے پر اثرانداز ہونے کی ممکنہ کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

 

اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق انتخابات کے دوران جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس، خودکار بوٹس اور منظم آن لائن مہمات کے ذریعے ووٹرز کی رائے کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔

 

اس خدشے کے پیشِ نظر اسرائیلی پولیس نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جعلی اکاؤنٹس، بوٹس اور مشتبہ منظم سیاسی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کریں اور ممکنہ خلاف ورزیوں کی نشاندہی کریں۔

 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی سیاسی امیدوار یا مخالف کے خلاف جان بوجھ کر جھوٹی یا گمراہ کن معلومات پھیلانا انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتا ہے اور ایسے اقدامات پر قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

 

اسرائیلی حکام کی جانب سے خاص طور پر ان آن لائن سرگرمیوں پر توجہ دی جا رہی ہے جن کے ذریعے بڑے پیمانے پر غلط معلومات پھیلا کر انتخابی ماحول، سیاسی بیانیے یا ووٹرز کے فیصلوں کو متاثر کرنے کی کوشش کی جائے۔

 

واضح رہے کہ اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات 27 اکتوبر 2026ء کو منعقد ہوں گے، جس کے پیشِ نظر انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سیاسی سرگرمیوں کی نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں