لاہور: سیف سٹی کیمروں کی مدد سے 60 سے زائد وارداتوں میں ملوث ڈکیت گینگ گرفتار
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی مدد سے قلعہ گجر سنگھ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 60 سے زائد وارداتوں میں ملوث 2 رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق چند روز قبل گڑھی شاہو کے علاقے میں ملزمان نے اسلحے کے زور پر ایک شہری سے موبائل فون اور نقدی چھین لی تھی۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی سیف سٹی کی ورچوئل پٹرولنگ ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
ترجمان نے بتایا کہ سیف سٹی کے جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی کیمروں اور ویڈیو شواہد کی مدد سے ملزمان کی نقل و حرکت کو ٹریس کیا گیا، جس کے بعد حاصل ہونے والے شواہد اور ضروری معلومات قلعہ گجر سنگھ پولیس کے ساتھ شیئر کی گئیں۔
سیف سٹی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹرسائیکل، غیر قانونی اسلحہ اور موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے 60 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ملزمان سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جدید نگرانی کا نظام جرائم کی نشاندہی، مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے اور ملزمان کی گرفتاری میں پولیس کی معاونت کر رہا ہے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال یا جرم کی اطلاع فوری طور پر پولیس کی ہنگامی امدادی خدمت 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کرکے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔