ڈیزل قیمتوں میں اضافہ فوری روکا جائے،گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی طرف سے ڈیزل کی قیمت میں بار بار اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا یہ سلسلہ فوری روکا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام پر فوری نظرثانی کی جائے۔
ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری نے کہا کہ ڈیزل مہنگا ہونے کا براہِ راست بوجھ ٹرانسپورٹرز اور عوام پر پڑ رہا ہے، جبکہ اس کے اثرات مال برداری کی قیمتوں، صنعت اور تجارت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈیزل پر عائد ٹیکسز اور ڈیوٹیز پر فوری نظرثانی کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو بڑھتی ہوئی لاگت سے کچھ ریلیف مل سکے۔
اویس چوہدری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل ہر 15 روز بعد کیا جائے اور روزانہ کے بجائے 15 روزہ قیمتوں کا نظام نافذ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمت میں استحکام سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے شعبے کو سہارا ملے گا بلکہ مہنگائی میں کمی لانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔