پمز میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر بلاول بھٹو کا اظہارِ افسوس
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پمز اسپتال اسلام آباد میں 14 نومولود بچوں کی المناک ہلاکت پر گہرے دکھ، رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پمز اسپتال میں معصوم جانوں کا یہ نقصان پوری قوم کے لیے ناقابلِ برداشت سانحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معصوم بچے محض اعداد نہیں تھے، یہ غمزدہ خاندانوں کی امیدیں، خواب اور دعائیں تھے، نومولود بچے کی جدائی ایسا زخم ہے جس کا مداوا کوئی لفظ نہیں کرسکتا۔
بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے قوم کو بتایا جائے کہ اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں ایسا سانحہ کیسے پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ غفلت یا کمزور مریضوں کی حفاظت یقینی بنانے میں ناکامی کے ذمہ دار افراد کا احتساب کیا جانا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ اپنے زیرِ انتظام تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں اور طبی عملے کی حفاظت یقینی بنائے۔