Pakistan

پمز واقعے پر سب سے پہلے خود کو احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں: مصطفیٰ کمال

پمز واقعے پر سب سے پہلے خود کو احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں: مصطفیٰ کمال
۱ منٹ پہلے

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پمز اسپتال واقعے پر سب سے پہلے خود کو احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں، کوتاہی کے مرتکب افراد کو نہیں چھوڑیں گے۔

 

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پمز اسپتال میں بچوں کی ہلاکت انتہائی دلخراش واقعہ ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ نرس کے مطابق صبح 6 بج کر 38 منٹ پر اے سی میں اسپارک ہوا، جبکہ 6 بج کر 39 منٹ پر لوگوں کو مدد کے لیے دوڑتے ہوئے دیکھا گیا اور 6 بج کر 40 منٹ پر آگ پھیل چکی تھی۔

 

وفاقی وزیر صحت کے مطابق وارڈ میں بچوں کو آکسیجن لگی ہوئی تھی اور آکسیجن کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی۔

 

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کچھ موضوعات پر بات کرنے سے روکا ہے، وہ وزیراعظم سے اس معاملے پر تفصیلی بات کریں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ پمز اسپتال 1985 میں 4 لاکھ آبادی کے لیے بنایا گیا تھا، جبکہ آج اسلام آباد کی آبادی 50 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

 

وفاقی وزیر صحت کے مطابق پمز کا نظام پرانا ہے اور اسپتال کا فائر فائٹنگ نظام جدید اسپتالوں کے معیار کا نہیں۔

 

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پمز کی گنجائش اور موجودہ آبادی میں بڑا فرق ہے، انہیں ڈیڑھ سے دو گھنٹے دیے جائیں، وہ اپنی کارکردگی قوم کے سامنے بتائیں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں