پمز آتشزدگی،جاں بحق 14بچے سپردِ خاک،ڈی این اے کروانے کا مطالبہ
پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہونے والے 14 بچوں کو سپردِ خاک کر دیا گیا۔ اس سے قبل جاں بحق بچوں کی میتیں ورثاء کے حوالے کی گئیں، تاہم بعض ورثاء نے بچوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
بدھ کے روز پمز سانحے میں جاں بحق ہونے والے 14 بچوں کی میتیں ورثاء کے حوالے کی گئیں۔
ڈی این اے ٹیسٹ کا مطالبہ
تاہم بعض ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے بچوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ شناخت کیے بغیر ہی انہیں بچوں کی میتیں حوالے کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب راولپنڈی میں ایک بچی کے غم سے نڈھال والدین کا کہنا تھا کہ جتنی بھی انکوائریاں ہو جائیں، بہت سزائیں مل جائیں، ہمارے آنگن کا پھول دوبارہ نہیں کھل سکے گا۔
ایک بچے کی والدہ نے کہا کہ 4 سال بعد آنگن میں پھول کھلا، اب منوں مٹی تلے چلا گیا۔
راولپنڈی میں ایک بچے کے والد نے فریاد کرتے ہوئے کہا کہ کیا شکوہ کروں، اللہ کی رضا پر ماتھا ٹیک دیا۔
راولپنڈی کے علاقے شمس آباد کے رہائشی نے گفتگو کرتے ہوئے سب سے بڑے ہسپتال کا کچا چٹھا کھول دیا۔ والد کا کہنا تھا کہ منتوں مرادوں سے بیٹی ملی، 3 دن بعد رخصت ہو گئی، غم کا پہاڑ ہے جو کاٹے نہیں کٹتا۔
بچی کے والد کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی آبادی کے لیے ہسپتال بہت چھوٹا ہے، سہولتیں تو درکنار علاج بھی مناسب نہیں ملتا۔ حکومت کا اربوں روپیہ پتا نہیں کہاں جاتا ہے۔ میں اپیل کرتا ہوں کہ اس قوم پر رحم کریں، جو چلتا ہے چلنے دیں۔
پمز ہسپتال کے باہر ٹینٹ نصب
نئے وفاقی سیکریٹری صحت محمود رائے نے رات گئے اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے باہر ٹینٹ نصب کروا دیا۔
پمز اسپتال کے باہر قائم ٹینٹ میں لائٹنگ اور پنکھوں کا انتظام کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کے بیٹھنے کے لیے کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں اور ان کی شکایات سننے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
وفاقی سیکریٹری صحت محمود رائے روزانہ کیمپ میں پمز اسپتال کی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کی شکایات بھی سنیں گے۔
سعودی عرب کا اظہار تعزیت
اسلام آباد کے پمز ہسپتال سانحے پر سعودی عرب نے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومتِ پاکستان اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
سعودی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور اس کے برادر عوام کے لیے امن و سلامتی کی دعا کرتے ہیں۔