امریکی پابندیاں ریاستی و معاشی دہشتگردی ہیں،ایران کا اقوام متحدہ کو خط
ایران نے نئی امریکی پابندیوں کو ریاستی اور معاشی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل اور تمام رکن ممالک کو خط لکھ دیا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا جنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد اب ایران کے دیگر ممالک کے ساتھ جائز اقتصادی تعلقات منقطع کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پابندیاں جان بوجھ کر شہریوں کو نقصان پہنچاتی ہیں، کیونکہ ان کے باعث خوراک، ادویات، طبی آلات، توانائی اور دیگر بنیادی ضروریات تک رسائی محدود ہوتی ہے، جو زندگی، صحت، خوراک اور مناسب معیارِ زندگی سمیت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
خط میں سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے عائد کی گئی یکطرفہ جبری پابندیوں اور ثانوی پابندیوں کو مسترد کریں۔
عباس عراقچی نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکی پابندیوں کو تسلیم نہ کریں اور نہ ہی ان پر عملدرآمد کریں۔
مذاکرات پسپائی کی علامت نہیں، قالیباف
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے کہا ہے کہ مذاکرات پسپائی کی علامت نہیں بلکہ قومی مفادات کے تحفظ کی صورت میں مزاحمت کا حصہ ہیں۔
باقر قالیباف نے اپنے ایک کھلے خط میں یہ مؤقف ایک ایرانی روزنامے کی جانب سے مذاکرات پر کی جانے والی تنقید کے جواب میں دیا۔
باقر قالیباف نے لکھا کہ کسی بھی دانشمندانہ اقدام، بااختیار مذاکرات یا دشمن سے قوم کے حقوق حاصل کرنے کی کوشش کو غلط طور پر سمجھوتہ اور بے عملی قرار نہیں دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی طاقت کے ذرائع کے تحفظ کی ذمہ داری اٹھانا ضروری ہے تاکہ جنگ کی کامیابیوں کو مستحکم کیا جا سکے اور دشمنوں کی جانب سے منصوبہ بندی کی گئی سنگین تباہ کاریوں سے ملک کو محفوظ طریقے سے نکالا جا سکے۔
امریکا کو فوجی، معاشی دباؤ کا سامنا ہے، پاسدارانِ انقلاب
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے بعد امریکا کو اسٹریٹجک ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی سمیت متعدد اہم فوجی اور معاشی دباؤ کا سامنا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسین محبی نے کہا کہ امریکا، جو ماضی میں دیگر ممالک میں جنگیں لڑتے ہوئے ان کے اخراجات دوسروں پر منتقل کرتا رہا ہے، اس بار براہِ راست اسٹریٹجک کمزوریوں سے دوچار ہوا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ جنگ میں پسپائی کا سامنا کرنا پڑا۔
آئل ٹینکر پر حملہ
آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور ٹینکر کے تمام عملے کو محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کے نتیجے میں ماحولیاتی آلودگی یا کسی قسم کے ماحولیاتی نقصان کی اطلاع نہیں ملی