کینسر سے صحت یاب ہونے میں سورۃ الرحمٰن نے بہت مدد کی،نعمان اعجاز
اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ انہیں کینسر کے مرض سے صحت یاب ہونے میں سورۃ الرحمٰن نے بہت مدد کی۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے 2024 میں کان کے پاس کینسر کی تشخیص ہوئی۔ جس دن مجھے کینسر کا معلوم ہوا، اس دن میں نے نماز میں آسمان کی طرف دیکھا اور کہا کہ میں نے کبھی کسی کے ساتھ غلط یا برا نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اللہ سے کہا کہ اگر میری ضرورت ہے تو مجھے فوری بلا لے، میں اپنی فیملی کو تکلیف میں نہیں دیکھنا چاہتا۔
نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ میں نے اللہ سے دعا کی کہ میں ہسپتالوں کے چکر نہیں لگانا چاہتا، کیموتھیراپی جیسے تکلیف دہ عمل سے نہیں گزرنا چاہتا، اس لیے میں ہر رات بہت کچھ پڑھ کر اس امید سے سوتا تھا کہ صبح نہیں اٹھوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب لوگوں کو میرے کینسر کے بارے میں پتا چلا تو میرے ایک بہت اچھے دوست نے مجھے سورۃ الرحمٰن پڑھنے کا کہا۔ اس دن کے بعد سے آج تک میں سورۃ الرحمٰن پڑھتا ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ مجھے بچانے میں سورۃ الرحمٰن کا ایک بہت بڑا کردار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد میرا کامیاب آپریشن ہوا اور ٹیومر نکال دیا گیا۔ 23 جولائی 2024 کو میری پہلی کیموتھیراپی شروع ہونی تھی، تاہم 22 جولائی کو ڈاکٹرز نے مجھے بلایا اور بتایا کہ ہمیں کوئی بھی چیز نہیں ملی، اس لیے کیموتھیراپی کی ضرورت نہیں ہے۔