بچوں کے معاملے میں کسی پربھروسہ نہ کریں،والدین چوکس رہیں،رابعہ انعم
اینکر اور ٹی وی میزبان رابعہ انعم نے بچوں کے حوالے سے حالیہ پے در پے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے والدین سے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے خصوصی طور پر چوکس رہیں اور بچوں کو ہر وقت اپنی نگرانی میں رکھیں۔
ایک ویڈیو میں رابعہ انعم نے کہا کہ اگر آپ کے بچے ہیں تو پاکستان میں ان کی حفاظت کو انتہائی سنجیدگی سے لینا ہے۔ حفاظت یہ نہیں کہ انہیں اچھے کپڑے پہنائیں یا اسکول بھیجیں، بلکہ ان کی حفاظت کے لیے آپ کو اس وقت سب سے زیادہ الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔
رابعہ انعم نے کہا کہ اپنے چھوٹے بچوں کو کسی کے پاس بھی اکیلا نہ چھوڑیں، چاہے وہ کوئی بھی ہو، آپ اسے برسوں سے ہی کیوں نہ جانتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات صرف بچیوں کے لیے نہیں ہے، لڑکے یعنی بچے بھی نشانہ بن رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کے معاملے میں کسی پر اندھا بھروسہ نہ کریں، خاص طور پر وہ والدین جو نوکری پیشہ ہیں، اپنے گھروں میں کیمرے لگوائیں۔