Pakistan

وزیراعلیٰ مریم نواز کا چین کی ٹائرن وزڈم ڈیری کمپنی کا دورہ

وزیراعلیٰ مریم نواز کا چین کی ٹائرن وزڈم ڈیری کمپنی کا دورہ
۱ منٹ پہلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے دورے کے دوران سنکیانگ میں معروف ٹائرن وزڈم ڈیری کمپنی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں کمپنی حکام نے ان کا وفد سمیت پرتپاک خیرمقدم کیا۔

 

مریم نواز شریف نے ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور جدید ڈیری فارمنگ و ملک پروسیسنگ کے نظام کا جائزہ لیا۔ کمپنی حکام نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مختلف شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

 

وزیراعلیٰ نے ملک پروسیسنگ کے عمل کا ڈیجیٹل معائنہ کیا، جبکہ ماہرین نے انہیں دودھ کی پروسیسنگ اور دودھ، دہی سمیت دیگر مصنوعات کی تیاری کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا۔

 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس چین کے مختلف علاقوں میں جدید ترین ڈیری فارمنگ کے حوالے سے معروف ہے۔ کمپنی کے فارمز پر مویشیوں کی حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق پرورش کی جاتی ہے، جبکہ دودھ اور دیگر ڈیری مصنوعات کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پروسیسنگ کی جاتی ہے۔

 

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں لائیو اسٹاک کی بہتری اور فروغ کے منصوبے نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں، جبکہ دیہی خواتین کی مالی خودمختاری اور مویشیوں کی افزائشِ نسل کے لیے خصوصی منصوبے بھی کامیابی سے جاری ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ مویشیوں کو فربہ کرکے گوشت کی پیداوار کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت چین کے اشتراک سے صوبے میں ملک اور ڈیری پروسیسنگ کا منصوبہ قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ڈیری سیکٹر کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں