رمشا خان نے بہن کی شادی میں نظر نہ آنے کی وجہ بتا دی
پاکستان کی سابقہ اداکارہ رمشا خان نے اپنی بہن کی شادی کی تقریبات میں نظر نہ آنے کی وجہ بتا دی۔
حال ہی میں رمشا خان کی بہن، انفلوئنسر علیشا خان کی شادی ہوئی، جس کی تقریبات سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی رہیں۔
دلہن کی بہن رمشا خان اور ان کے شوہر اداکار خوشحال خان کی غیر موجودگی بھی سب نے محسوس کی، جو سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہی۔
شادی کی صرف ایک تقریب میں رمشا خان اور اداکار خوشحال خان کو دیکھا گیا، جس میں دونوں نے نہایت سادہ لباس پہنا ہوا تھا، جبکہ ماسک اور چشموں کے ذریعے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش بھی کی۔
تاہم اس حوالے سے رمشا خان نے اپنی بہن کی شادی کے موقع پر ایک ٹی وی میزبان سے گفتگو کی۔
میزبان کے مطابق رمشا خان نے بتایا کہ ان کے شوہر کی جانب سے ان پر کسی قسم کی پابندیاں عائد نہیں کی گئی ہیں، وہ صرف کیمرے کے سامنے نہیں آنا چاہتیں اور نہ ہی اپنے نام ’رمشا خان‘ سے کوئی ہیش ٹیگ چاہتی ہیں۔
میزبان کے مطابق رمشا خان اپنی زندگی میں بہت خوش ہیں اور ایک نجی فرد کی حیثیت سے زندگی گزارنا چاہتی ہیں، اس لیے سب کو ان کی اس خواہش کا احترام کرنا چاہیے۔