World

وینزویلا کے 65 ارب بیرل تیل ذخائر کا کنٹرول حاصل کرلیا،ٹرمپ

وینزویلا کے 65 ارب بیرل تیل ذخائر کا کنٹرول حاصل کرلیا،ٹرمپ
۱۸ گھنٹے پہلے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت امریکا نے 65 ارب بیرل سے زیادہ تیل کے ذخائر کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے اسے ’’دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا تیل کا معاہدہ‘‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس معاہدے کے حوالے سے مذاکرات وینزویلا کی عبوری حکومت اور نجی شعبے کی شراکت سے ہوئے۔

 

ٹرمپ نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ معاہدے کے نتیجے میں امریکا نے وینزویلا کے ثابت شدہ 65 ارب بیرل سے زائد تیل کے ذخائر میں سے نصف سے زیادہ پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے امریکی ٹیکس دہندگان پر کوئی لاگت نہیں آئے گی اور امریکا کے تیل کے ذخائر دگنے سے بھی زیادہ ہو جائیں گے۔

 

امریکی صدر نے کہا کہ اس معاہدے سے عالمی سطح پر تیل کی رسد میں نمایاں اضافہ ہوگا اور امریکا میں پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کے مطابق وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے مذاکرات کے دوران وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز کے ساتھ کام کیا۔ٹرمپ کے مطابق یہ معاہدہ امریکا اور وینزویلا کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

 

دوسری جانب وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز نے امریکا کے ساتھ تیل کے معاہدے کی توثیق کرتے ہوئے اسے ’’تاریخی‘‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے ملک کی بحالی پر نمایاں اثر پڑے گا اور وینزویلا میں 100 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوسکتی ہے، جبکہ حکومت کو 209 ارب ڈالر سے زیادہ ٹیکس آمدنی حاصل ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں