Breaking News

پنجاب،تعلیمی اداروں کی نگرانی کیلئے ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں کی بھرتیاں شروع

پنجاب،تعلیمی اداروں کی نگرانی  کیلئے ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں کی بھرتیاں شروع
۱۲ گھنٹے پہلے

حکومت پنجاب نے تعلیمی اداروں کی نگرانی کے لیے ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں کی بھرتیاں شروع کر دی ہیں۔ پہلے مرحلے میں صوبے کے 22 اضلاع میں ریٹائرڈ فوجی ملازمین کو بطور مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن افسرز (ایم ای اوز) بھرتی کیا جائے گا۔

 

بھرتی کی مدت ایک سالہ کنٹریکٹ پر مشتمل ہوگی، جبکہ منتخب افسران کو 60 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ اور محکمہ تعلیم کے قواعد کے مطابق دیگر تمام سہولیات اور مراعات بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہیں سرکاری موٹر سائیکلیں بھی دی جائیں گی، جبکہ ایک سال بعد کنٹریکٹ میں توسیع کی گنجائش ہوگی۔ یہ بھرتیاں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پی ای ایف) کے تحت کی جائیں گی۔

 

جے سی اوز اور این سی اوز سے 7 ستمبر تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ امیدواروں کے لیے عمر کی حد 30 سے 55 سال اور تعلیمی قابلیت گریجویشن مقرر کی گئی ہے، جبکہ پنجاب کا ڈومیسائل لازمی ہوگا۔ آئی ٹی کے شعبے میں تجربہ بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔

 

پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 28 افسران بھرتی کیے جائیں گے، جن میں 21 فوجی اور 7 سویلین افسر شامل ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں دیگر اضلاع کے لیے الگ بھرتیاں کی جائیں گی۔

 

علاوہ ازیں محکمہ تعلیم نے صوبے بھر کے سکولوں میں ڈیلی ویجز اور عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے ڈیڑھ لاکھ سکول ٹیچنگ انٹرنیز کے ختم ہونے والے کنٹریکٹس میں 9 ماہ کی توسیع کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

 

اس حوالے سے سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لیے بھجوا دی گئی ہے۔ کنٹریکٹ جاری تعلیمی سیشن مارچ 2027 تک ہوگا، جبکہ سمری کی منظوری کے فوری بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں