چین کا اسلام آباد کیلئے 21 جدید فائر اینڈ ریسکیو گاڑیوں کا تحفہ
چین نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے لیے 21 جدید فائر اینڈ ریسکیو گاڑیوں کا تحفہ دیا ہے، جن سے شہر میں آگ بجھانے اور ریسکیو آپریشنز کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
چین سے ملنے والی فائر گاڑیوں اور آلات کی مجموعی مالیت 72.31 ملین چینی یوآن ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 3 ارب روپے بنتی ہے۔ اسلام آباد کو بلند عمارتوں میں ریسکیو آپریشنز کے لیے جدید اسنارکل فائر ٹینڈر بھی فراہم کیا جائے گا۔
نئی فائر گاڑی تقریباً 88 میٹر کی بلندی تک ریسکیو آپریشن کر سکے گی، جبکہ اسلام آباد کے موجودہ فائر ٹینڈر صرف 68 میٹر تک رسائی رکھتے ہیں۔ 68 میٹر سے 88 میٹر تک رسائی میں اضافے سے وفاقی دارالحکومت کی فائر اینڈ ریسکیو صلاحیت میں بڑا اضافہ ہوگا۔
نئی فائر اینڈ ریسکیو گاڑیاں ستمبر میں پاکستان پہنچ جائیں گی۔ سی ڈی اے فائر ڈپارٹمنٹ میں آخری بڑی خریداری 2006 میں کی گئی تھی۔
2024 کے پاک چین مفاہمتی یادداشت کے تحت اسلام آباد کو یہ جدید فائر گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ نئی گاڑیوں سے بلند عمارتوں میں آگ لگنے کے واقعات اور ریسکیو آپریشنز سے زیادہ مؤثر انداز میں نمٹنے میں مدد ملے گی۔