حنا جاوید قتل کیس؛ دونوں ملزمان 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل
اسلام آباد: ڈیجیٹل ڈیزائنر حنا جاوید کے بہیمانہ قتل کیس میں گرفتار ملزمان شوہر فیصل اصغر اور ملازم ذیشان کو عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
دونوں ملزمان کو ڈیوٹی سول جج عادل سرور سیال کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی تفتیش جاری ہے، تاہم اب ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔
عدالت نے دونوں ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے 16 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ 16 ستمبر تک تفتیش مکمل کرکے چالان عدالت میں پیش کیا جائے۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے مبینہ طور پر آلۂ قتل، پیچ کس، کپڑا اور لوہے کی تار برآمد ہوئی ہے۔ ملزم شوہر فیصل اصغر سے پہلی اور دوسری بیوی کے نکاح نامے بھی برآمد کیے گئے، جبکہ پہلی بیوی ارم زیب کا طلاق نامہ بھی پولیس نے قبضے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق دونوں نکاح ناموں اور طلاق نامے کی یونین کونسل سے تصدیق بھی کروا لی گئی ہے۔
دونوں ملزمان اس سے قبل 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں رہے، جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالتی حکم کے بعد پولیس دونوں ملزمان کو اڈیالہ جیل لے کر روانہ ہوگئی۔