وزیرِ اعظم شہباز شریف وطن روانہ، کرغز صدر خود گاڑی چلا کر ایئرپورٹ لائے
وزیرِ اعظم شہباز شریف کو کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف خود گاڑی چلا کر ایئر پورٹ لائے اور الوداع کیا۔
اعلامیے کے مطابق کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف کا ایئر پورٹ پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کو الوداع کرنے آنا مثالی مہمان نوازی اور مضبوط تعلقات کا اظہار ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر صادر نور ژاپاروف کا وزیرِ اعظم شہباز شریف کو ایئر پورٹ پر الوداع کرنا برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان روانگی سے قبل ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرغزستان میں مثبت ملاقاتیں ہوئیں اور تجارت بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، کرغزستان کے ساتھ تجارت کو 16 ملین ڈالرز سے بڑھانے کی تجویز پیش کی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تجارت کو 2 سال میں 200 ملین ڈالرز تک لے جانے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اس سے قبل بشکیک میں کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ شاندار میزبانی پر صدر کرغزستان کا شکر گزار ہوں، جمہوریہ کرغز کے یومِ آزادی پر کرغزستان کی قیادت اور عوام کو مبارک باد دیتا ہوں۔
انہوں نے جمہوریہ کرغز کو سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر بھی مبارک باد دی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر جمہوریہ کرغز کی قیادت تحسین کی مستحق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دو طرفہ تعاون کے فروغ کا آغاز ہے، دو طرفہ مذاکرات میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے اعزاز میں کرغزستان کے صدارتی محل میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔ صدارتی محل پہنچنے پر کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کو صدارتی محل آمد پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا تھا، پاکستان اور کرغزستان کے قومی ترانے بجائے گئے تھے۔
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشت گردی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ کرغزستان کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان راہداری تجارت کے معاہدے پر دستخط ہوگئے، جبکہ پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے کرغزستان کی تجارت اور ٹرانزٹ مواقع بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ورچول اثاثوں میں تعاون، مالیاتی منڈیوں کے انضمام اور محفوظ ڈیجیٹل اثاثہ ماحولیاتی نظام کی بنیاد بنے گا۔ پاکستان اور کرغزستان نے کاسا 1000 منصوبے پر بروقت عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ بجلی، پن بجلی، قابل تجدید توانائی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
سائنس، ٹیکنالوجی اور طبی تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام جنوبی و وسطی ایشیا کے درمیان رابطوں کے لیے اہم ہے، جبکہ پاکستان نے کرغزستان کے عالمی ماحولیاتی اور پہاڑی ایجنڈے کی حمایت کا اعادہ کیا۔
دہشت گردی، منشیات، انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی نقل مکانی اور سائبر کرائم کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ حوالگی اور فوجداری مقدمات میں باہمی قانونی معاونت کے معاہدوں پر بھی دستخط ہوگئے۔
دونوں ممالک نے دفاعی شعبے میں تعاون اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
پاکستان اور کرغزستان نے تنازعات کے پرامن حل، یک طرفہ اقدامات سے گریز اور افغان سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے پر زور دیا ہے۔