Breaking News

راولپنڈی: سی سی ڈی کے شہید اہلکار اور مقابلے میں ہلاک ملزم کی مزاحمت کی ویڈیو سامنے آگئی

راولپنڈی: سی سی ڈی کے شہید اہلکار اور مقابلے میں ہلاک ملزم کی مزاحمت کی ویڈیو سامنے آگئی
۴ گھنٹے پہلے

راولپنڈی کے تھانہ چکلالہ کے علاقے کیو جے ہائٹس سفاری فیز ون کے قریب سی سی ڈی اور خطرناک اشتہاری ملزم کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ملزم کی فائرنگ سے سی سی ڈی سب انسپکٹر عدنان غیور شہید ہوگئے، جبکہ جوابی فائرنگ میں ڈاکو عمر عرف چھینہ بھی مارا گیا۔

 

پولیس حکام کے مطابق سی سی ڈی راولپنڈی کے سب انسپکٹر عدنان غیور چند دن سے ٹیم کے ہمراہ ڈکیتی اور سنگین جرائم میں ملوث مطلوب اشتہاری ملزم عمر عرف چھینہ کی علاقے میں موجودگی کی اطلاع پر اس کی گرفتاری کے لیے مصروف عمل تھے۔

 

بدھ کی صبح تھانہ چکلالہ کے علاقے کیو جے ہائٹس سفاری فیز ون میں سی سی ڈی سب انسپکٹر عدنان غیور گزر رہے تھے کہ انہیں مطلوب اشتہاری ملزم دکھائی دیا، جس پر انہوں نے سی سی ڈی ٹیم اور تھانہ چکلالہ کو اطلاع دے کر مدد طلب کی۔

 

پولیس کے مطابق ملزم خطرہ بھانپ کر فرار ہونے لگا تو عدنان غیور نے اسے خود ہی قابو کرلیا۔ اس دوران ملزم کے پاؤں میں شیشہ لگنے سے وہ زخمی بھی ہوا، تاہم سی سی ڈی سب انسپکٹر عدنان غیور اور ملزم عمر عرف چھینہ آپس میں گتھم گتھا حالت میں تھے کہ ملزم نے مزاحمت کرتے ہوئے خود کو چھڑانے کے لیے انتہائی قریب سے فائرنگ کی۔ گولی سر پر لگنے سے عدنان غیور موقع پر ہی جام شہادت نوش کر گئے، جبکہ ملزم زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔

 

ملزم کو بہادری سے قابو کرنے اور ملزم کی مزاحمت کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں عدنان غیور کو ملزم کو قابو کرتے اور ملزم کو مزاحمت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

 

سی سی ڈی کی ریجنل آفیسر حسن جہانگیر وٹو، ڈسٹرکٹ آفیسر مرزا جاوید اقبال اور پولیس ٹیم بھی ملزم کے تعاقب میں رہی۔

 

پولیس کے مطابق اس دوران ملزم ایک خاتون منشیات سپلائر کے پاس پہنچا، تاہم وہاں سے مدد نہ ملنے پر قریبی گلیوں میں روپوش ہوگیا اور شہریوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔ سی سی ڈی ٹیم نے خون کے نشانات کے ذریعے ملزم کے قریب پہنچ کر اسے گھیرے میں لے لیا، جس کے بعد کراس فائرنگ کے دوران ملزم زخمی ہوا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

 

پولیس نے فرانزک شواہد جمع کرنے کے بعد شہید اہلکار کا جسد خاکی اور اشتہاری ملزم کی لاش اسپتال منتقل کردی۔

 

آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے شہید سب انسپکٹر عدنان غیور کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے اہلخانہ کی مکمل دیکھ بھال اور ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں