لاہور، 25 سالہ ٹک ٹاکر کی لاش ملنے کے بعد ایک مشکوک شخص گرفتار
لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں 25 سالہ ٹک ٹاکر اور بیوٹیشن ارشمہ کی فلیٹ سے لاش ملنے کے بعد پولیس نے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق اسلام پورہ میں واقع فلیٹ سے تین روز قبل 25 سالہ ارشمہ کی پھندا لگی لاش ملی تھی۔ ارشمہ بیوٹیشن کا کام کرتی تھی اور فلیٹ میں اکیلی رہائش پذیر تھی۔
پولیس حکام کے مطابق فلیٹ میں تعفن پھیلنے پر پڑوسیوں نے اطلاع دی، جس پر پولیس نے دروازہ کھولا تو کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی۔
پولیس نے ابتدائی طور پر ارشمہ کی موت کو خودکشی قرار دیا ہے، تاہم قتل سمیت تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق شواہد اکٹھے کرنے اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی، جبکہ موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے رکھا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی ارشمہ کے فلیٹ میں نقل و حرکت سے متعلق شواہد ملے ہیں۔
ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور خودکشی سمیت تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق ارشمہ بیوٹی پارلر چلانے کے ساتھ ساتھ ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کرتی تھی۔
کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین کی ٹیموں نے فلیٹ سے شواہد جمع کیے اور نمونے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں۔ حکام کے مطابق رپورٹس آنے کے بعد ہی موت کی حتمی وجہ کا تعین کیا جا سکے گا۔