پی سی بی نے امام الحق اور محمد رضوان کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کر لیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ انگلینڈ کے دوران کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے امام الحق اور محمد رضوان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، جبکہ ٹھوس شواہد ملنے کی صورت میں دونوں کھلاڑیوں کو بھاری جرمانوں اور پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مستقبل میں انہیں پاکستان ٹیم کی جانب سے کھیلنے کا موقع نہ مل سکے۔
مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز کی شکست کے بعد ٹیم کے ہوٹل پہنچنے پر سیکیورٹی افسر نے دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فونز اپنے قبضے میں لیے۔
ذرائع کے مطابق کئی گھنٹے بعد موبائل فونز کا ڈیٹا کسی اور جگہ منتقل کرنے کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو ان کے فون واپس کیے گئے۔
اس معاملے پر جب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس کی تصدیق کرنے سے انکار کر دیا۔