تیسری بیوی کو قتل کرنے والا شوہر ساتھیوں سمیت کراچی سے گرفتار
لاہور کے علاقے گجر پورہ میں گھریلو ناچاقی پر اپنی تیسری بیوی کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم عمران کو پولیس نے دیگر ساتھیوں سمیت کراچی سے گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے نوٹس پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے آلۂ قتل (پسٹل) بھی برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے۔
واقعے کا پس منظر
مقتولہ بشریٰ بی بی، جس کی عمر 20 سال تھی، شوہر سے جھگڑے کے بعد ناراض ہوکر لاہور کے علاقے گجر پورہ کرول پنڈ میں اپنے میکے آ گئی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم عمران اپنی بیوی کو منانے کے لیے سسرال پہنچا اور اسے اپنے ساتھ واپس چلنے کا کہا۔
تاہم بشریٰ بی بی کے انکار پر ملزم نے مبینہ طور پر طیش میں آکر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ بشریٰ بی بی ملزم عمران کی تیسری بیوی تھی۔
گرفتاریاں اور پولیس کارروائی
پولیس کے مطابق قتل کے بعد ملزم عمران لاہور سے فرار ہو کر کراچی روپوش ہوگیا تھا، جہاں پولیس نے اسے ٹریس کرکے گرفتار کیا۔
پولیس نے مرکزی ملزم عمران کے ساتھ قتل کی منصوبہ بندی اور فرار میں مدد کرنے والے مزید 3 ملزمان کو بھی گرفتار کیا ہے، جن میں ملزم کی پہلی بیوی، اس کا بیٹا اور ہم زلف شامل ہیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ تمام ملزمان پولیس کی گرفت میں ہیں اور ان کے خلاف مضبوط چالان تیار کرکے انہیں قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو قتل کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔