Pakistan

بلدیاتی انتخابات، کے پی حکومت کو قانون سازی کے لیے 3 ہفتوں کی مہلت

بلدیاتی انتخابات، کے پی حکومت کو قانون سازی کے لیے 3 ہفتوں کی مہلت
۱ منٹ پہلے

خیبرپختونخوا, بلدیاتی انتخابات, الیکشن کمیشن, قانون سازی, حلقہ بندیاں, الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا حکومت کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق قانون سازی مکمل کرنے کے لیے مزید تین ہفتوں کی مہلت دے دی ہے۔

 

الیکشن کمیشن میں خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی۔

 

سماعت کے دوران اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ صوبے کے 7 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل رکا ہوا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت پورے صوبے میں بلدیاتی انتخابات ایک ہی وقت میں کرانے کی خواہاں ہے۔

 

حکام کے مطابق گزشتہ سماعت میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے قانون سازی کے لیے تین ہفتوں کا وقت مانگا تھا۔ صوبائی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں دیگر صوبوں کے بلدیاتی نظام کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی گئی۔

 

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ صوبائی کابینہ کی کمیٹی بلدیاتی قوانین میں ترامیم پر غور کر رہی ہے۔

 

سماعت کے دوران ممبر بلوچستان نے ریمارکس دیے کہ خیبرپختونخوا حکومت تاخیر کر رہی ہے، ایسا نہ ہو کہ کمیشن کو وزیراعلیٰ کو طلب کرنا پڑے۔

 

ممبر سندھ نثار درانی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد لازمی ہے اور کمیشن کے پاس آئینی طور پر کئی راستے موجود ہیں۔

 

ممبر خیبرپختونخوا نے کہا کہ قانون میں تبدیلی کے بعد تمام حلقہ بندیوں کا عمل دوبارہ کرنا پڑے گا۔

 

الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ اگر صوبائی حکومت فیصلہ کرتی ہے تو کمیشن پورے خیبرپختونخوا میں ایک ساتھ بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے۔

 

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا حکومت کو قانون سازی کے لیے مزید تین ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں