Business
گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان، ہڑتال کی دھمکی
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا طریقہ کار فوری طور پر ختم کیا جائے۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا فیصلہ ناقابلِ قبول ہے، حکومت یہ فیصلہ فوری واپس لے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت کی یقین دہانی پر ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی گئی تھی، تاہم ان کے بیشتر مطالبات تاحال حل نہیں ہوئے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات پر مقررہ مدت میں پیش رفت نہ ہوئی تو گڈز ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کریں گے۔