پرانا طریقہ کار ختم، پنشنرز کو ہر 6 ماہ بعد اپنی ڈیجیٹل تصدیق کرانا ہوگی
وفاقی حکومت نے پنشنرز کے لیے پنشن کی تصدیق اور ادائیگی کے نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے روایتی کاغذی طریقہ کار مکمل طور پر ختم کردیا ہے، جبکہ اب پنشنرز کو ہر 6 ماہ بعد نادرا کے ذریعے اپنی ڈیجیٹل تصدیق کرانا ہوگی۔
وزارت خزانہ کے مطابق نئے قواعد کے تحت پنشن کی رقم براہ راست پنشنر کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی اور پنشن کی تصدیق کے لیے کاغذی دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
پنشنرز اپنی شناخت اور زندگی کی تصدیق نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے آن لائن کرا سکیں گے، جبکہ یہ سہولت نادرا کے مجاز مراکز پر بھی دستیاب ہوگی۔
نئے نظام کے نفاذ کے بعد پنشنرز کے لیے ہر سال مارچ اور ستمبر میں لازمی تصدیق کرانے کا سابقہ شیڈول بھی ختم کردیا گیا ہے۔ اب ہر پنشنر کو اپنی گزشتہ تصدیق کے 6 ماہ کے اندر دوبارہ ڈیجیٹل تصدیق مکمل کرنا ہوگی۔
وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ بینک اب پنشنرز سے الگ سے بائیومیٹرک تصدیق یا لائف سرٹیفکیٹ طلب نہیں کریں گے۔ اسی طرح صرف ڈیجیٹل تصدیق مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کسی پنشن اکاؤنٹ کو ڈورمنٹ بھی قرار نہیں دیا جائے گا۔
تاہم اگر کسی پنشنر کی مسلسل 6 ماہ تک ڈیجیٹل تصدیق مکمل نہ ہوسکے تو اس کی پنشن کی رقم کی منتقلی عارضی طور پر روک دی جائے گی۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد پنشن کی ادائیگی دوبارہ بحال کی جاسکے گی۔
حکام کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کا مقصد پنشنرز کے لیے تصدیق کے عمل کو آسان، تیز اور شفاف بنانا اور بار بار بینک یا متعلقہ دفاتر جانے کی ضرورت کو کم کرنا ہے۔