خاران اور واشک میں فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک
خاران اور واشک میں سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 11 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 ستمبر کو خاران اور واشک میں دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاعات موصول ہونے کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشتگردوں کا تعلق بھارتی پراکسی ’فتنۃ الہندوستان‘ سے تھا۔
بیان کے مطابق 6 ستمبر کو دہشتگردوں نے ضلع خاران میں سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے مقامی ٹریفک کی آمدورفت متاثر کرنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کا راستہ روک لیا۔
اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اگلے روز 7 ستمبر کو ضلع واشک میں بھی دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر منصوبہ بندی کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور اسے تباہ کردیا، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں مزید 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا، جسے مبینہ طور پر دیسی ساختہ بم، یعنی آئی ای ڈیز تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشتگرد عناصر کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز بھی جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظور شدہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور رفتار کے ساتھ جاری رہیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ان کارروائیوں کا مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت کے تحت ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنانا ہے۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے واشک میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد برآمد کرنے پر بھی سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ’فتنۃ الہندوستان‘ سے وابستہ دہشتگرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔