Pakistan

ایم ڈی کیٹ 2026 کا انعقاد 20 ستمبر کو ہوگا

ایم ڈی کیٹ 2026 کا انعقاد 20 ستمبر کو ہوگا
۲۱ گھنٹے پہلے

میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کا انعقاد 20 ستمبر بروز اتوار ہوگا۔

 

سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ 2026 سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے تحت منعقد کیا جائے گا، جبکہ کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی میں امتحانی مراکز بنائے جائیں گے۔

 

حیدرآباد، جامشورو، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد اور اسلام آباد میں بھی امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے۔

 

حیدرآباد میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان پبلک اسکول، لطیف آباد میں ہوگا، جبکہ جامشورو میں امتحان لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز میں ہوگا۔

 

میرپورخاص میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان میر شیر محمد ٹالپور پبلک اسکول میں ہوگا، جبکہ لاڑکانہ میں امتحان پولیس ٹریننگ اسکول گراؤنڈ، واگن روڈ میں ہوگا۔

 

شہید بینظیرآباد میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان قائدِ عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ہوگا، جبکہ سکھر میں امتحان آئی بی اے پبلک سکول، اولڈ ایئرپورٹ روڈ پر ہوگا۔

 

اسلام آباد منتقل ہونے والے سندھ کے رہائشیوں کا امتحان پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں قائم ٹیسٹ سینٹر میں منعقد ہوگا۔

 

سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا دورانیہ 3 گھنٹے ہوگا۔ امیدواروں کو مقررہ رپورٹنگ وقت پر امتحانی مراکز پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ امتحان مکمل ہونے سے قبل کسی امیدوار کو امتحانی ہال سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

 

تمام امتحانی مراکز پر والدین کے لیے علیحدہ انتظار گاہیں قائم کی جائیں گی۔ امتحانی ہال میں امیدواروں کو ضروری اسٹیشنری اور صاف پینے کا پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں