Pakistan

ڈرون حملوں سے بچاؤ کے لیے خیبر پختونخوا کے تھانوں پر لوہے کی جالیاں نصب

ڈرون حملوں سے بچاؤ کے لیے خیبر پختونخوا کے تھانوں پر لوہے کی جالیاں نصب
۱ منٹ پہلے

خیبر پختونخوا پولیس نے ڈرون حملوں کے خطرے سے نمٹنے کے لیے نیا حفاظتی طریقہ اختیار کرتے ہوئے حساس تھانوں، چوکیوں اور چیک پوسٹوں پر آئرن جالیاں نصب کرنا شروع کر دی ہیں، جبکہ بعض حساس مقامات پر مچھلی پکڑنے والے مضبوط جال بھی لگا دیے گئے ہیں۔

 

پولیس حکام کے مطابق یہ اقدام ڈرون کاپٹرز کے ممکنہ حملوں کے خطرات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے تاکہ کسی حملے کی صورت میں جانی اور مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ آئرن جالیاں اور دیگر حفاظتی جال ڈرون کاپٹرز کو براہ راست حساس مقامات تک پہنچنے سے روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ حملے کی صورت میں اس کے اثرات محدود کرنے میں بھی معاون ہیں۔

 

پشاور اور ضلع خیبر کے مختلف تھانوں اور حساس پولیس تنصیبات پر بھی آئرن جالیاں نصب کر دی گئی ہیں، جبکہ دیگر خطرے سے دوچار مقامات پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔

 

پولیس کے مطابق حساس تھانوں کی بعض چوکیوں پر مچھلی پکڑنے والے جال بھی نصب کیے گئے ہیں، جن کا مقصد ڈرونز کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا کرنا اور ممکنہ حملے کے اثرات کم کرنا ہے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران پشاور میں ڈرون کاپٹرز کے 2 حملے کیے جا چکے ہیں، جس کے بعد پولیس نے حساس تنصیبات کی حفاظت کے لیے اضافی اقدامات شروع کیے۔

 

پولیس حکام کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران خیبر پختونخوا میں ڈرون کاپٹرز کے تقریباً 250 حملوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تھانوں، پولیس چوکیوں اور دیگر حساس مقامات کی حفاظت کے لیے روایتی سیکیورٹی اقدامات کے ساتھ نئے طریقے بھی اختیار کیے جا رہے ہیں تاکہ ڈرون حملوں سے ہونے والے ممکنہ نقصان کو کم کیا جا سکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں