چارسدہ، سوتن نے سوتن کو قتل کر کے خود کنویں میں چھلانگ لگا دی
چارسدہ کی تحصیل شبقدر کے علاقے دریاب کورونہ میں گھریلو تنازع کے نتیجے میں دو سوتنوں کی جان چلی گئی، جہاں مبینہ طور پر ایک خاتون نے جھگڑے کے دوران دوسری سوتن کو قتل کرنے کے بعد کنویں میں چھلانگ لگا دی اور وہ بھی جاں بحق ہوگئی۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق دونوں خواتین الگ الگ گھروں میں رہائش پذیر تھیں اور بدھ کے روز مویشی کا دودھ نکالنے کے معاملے پر ان کے درمیان گھریلو تنازع پیدا ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تلخ کلامی شدت اختیار کرنے پر ایک خاتون نے غصے میں آکر اپنی سوتن پر کلہاڑی اور تیز دھار اوزار سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے فوراً بعد حملہ کرنے والی خاتون نے مبینہ طور پر خوف اور صدمے کی حالت میں قریب موجود تقریباً 80 فٹ گہرے کنویں میں چھلانگ لگا دی۔
کنویں میں گرنے کے باعث خاتون بھی جانبر نہ ہوسکی اور یوں گھریلو تنازع کا انجام دونوں خواتین کی موت کی صورت میں نکلا۔
متعلقہ ایس ایچ او عمران خان کے مطابق دونوں خواتین کا شوہر روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی خواجہ وس پولیس اسٹیشن کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائی شروع کی گئی۔
پولیس نے ایک خاتون کی لاش جائے وقوعہ سے جبکہ دوسری کی لاش کنویں سے نکال کر قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لی۔
دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے شبقدر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے اصل محرکات، گھریلو تنازع کی نوعیت اور دیگر پہلوؤں کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔