پی ٹی آئی رہنماؤں کے گرفتاری وارنٹس پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف مختلف مقدمات میں پہلے سے جاری گرفتاری وارنٹس پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ حماد اظہر کی گرفتاری کے بعد دیگر مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف بھی کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مختلف مقدمات میں مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں کے عدالتی وارنٹس پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ حکام نے کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نومبر 2024 کے ڈی چوک احتجاج سمیت مختلف مقدمات میں جن رہنماؤں کے وارنٹس گرفتاری جاری ہوچکے ہیں، ان کی گرفتاریوں کا امکان بڑھ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں کی فہرست میں جنید اکبر، عبدالغنی، شبلی فراز، مراد سعید، زرتاج گل، عامر مسعود مغل، ڈاکٹر امجد علی، مینا خان آفریدی، علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر کی گرفتاری کے بعد ان تمام رہنماؤں کے خلاف پہلے سے جاری وارنٹس پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔