Breaking News

شہباز شریف اور اچکزئی کا الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر رابطہ

شہباز شریف اور اچکزئی کا الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر رابطہ
۱ منٹ پہلے

وزیراعظم شہباز شریف اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر رابطہ ہوا ہے، جبکہ وزیراعظم نے محمود خان اچکزئی کے خط کا باضابطہ جواب بھجوا دیا ہے۔

 

 ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے نئی تقرریوں کے لیے آئینی طریقہ کار پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ اپوزیشن لیڈر اسلام آباد پہنچنے کے بعد پی ٹی آئی اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔

 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری سے متعلق خط اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو موصول ہوگیا ہے۔

 

وزیراعظم نے اپنے جواب میں اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکشن کمیشن میں نئی تقرریوں کے لیے آئین میں طے شدہ طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بھی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر خط لکھ چکے تھے۔

 

اس معاملے پر وفاقی حکومت کی جانب سے رانا ثنا اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے محمود خان اچکزئی سے ملاقات بھی کی تھی۔

 

ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران محمود خان اچکزئی کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ وزیراعظم شہباز شریف ان کے خط کا جواب بھجوائیں گے۔

 

اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اس وقت کوئٹہ میں موجود ہیں اور آئندہ دو سے تین روز کے دوران اسلام آباد پہنچنے کی توقع ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پہنچنے کے بعد محمود خان اچکزئی وزیراعظم کے خط اور چیف الیکشن کمشنر سمیت الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔

 

وہ چیئرمین پی ٹی آئی سمیت پارٹی کے دیگر اہم رہنماؤں کو بھی وزیراعظم کی جانب سے موصول ہونے والے جواب کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔

 

ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے بھی رابطہ کریں گے اور وزیراعظم کے خط پر انہیں بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

 

اپوزیشن کی مشاورت مکمل ہونے کے بعد چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے حوالے سے آئندہ حکمت عملی طے کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں