پیٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافہ،کرایوں میں 5 فیصد اضافے کااعلان
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کسی صورت قابل قبول نہیں، کیونکہ اس سے ٹرانسپورٹ کے کاروبار میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوتی ہے اور کرایوں کا تعین مشکل ہوجاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی یقین دہانی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مسائل کے حل کے لیے 40 دن کا وقت مانگا تھا، جو آئندہ ہفتے مکمل ہونے جا رہا ہے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ 40 روز کی مدت پوری ہونے کے بعد تنظیم صورتحال کا جائزہ لے گی اور حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو دیکھتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کے بعد اشیائے خورونوش، صنعتی سامان اور دیگر ضروری اشیا کی ترسیل کے اخراجات بڑھنے کا بھی خدشہ ہے، جس کے اثرات بالآخر صارفین تک منتقل ہوسکتے ہیں۔