مہنگائی میں 8.62 فیصد اضافہ، پیاز، ایل پی جی، ڈیزل، پیٹرول اور آٹا مہنگا
پاکستان میں موجودہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی میں سالانہ بنیادوں پر 8.62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ایک سال کے مقابلے میں پیاز، ایل پی جی، ڈیزل، پیٹرول اور آٹے سمیت متعدد ضروری اشیا کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔
پاکستان بیورو آف شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق موجودہ ہفتے میں گزشتہ سال کے اسی ہفتے کے مقابلے میں پیاز کی قیمت میں سب سے زیادہ 125.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 55.42 فیصد، ڈیزل میں 45.26 فیصد جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 39.10 فیصد اضافہ ہوا۔
اسی طرح گندم کے آٹے کی قیمت میں 30.18 فیصد اور پہلی سہ ماہی کے بجلی نرخوں میں 25.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق پسی ہوئی مرچ کی قیمت 16.37 فیصد، مٹن 15.92 فیصد، بیف 13.28 فیصد، کیلے 10.51 فیصد، تازہ دودھ 8.12 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 8.09 فیصد مہنگی ہوئی۔
دوسری جانب موجودہ ہفتے کے دوران بعض اشیا کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔
آلو کی قیمت میں 35.21 فیصد، مرغی کے گوشت میں 24.30 فیصد، چینی میں 20.88 فیصد، انڈوں میں 19.95 فیصد اور ٹماٹر کی قیمت میں 17.65 فیصد کمی سامنے آئی۔
اسی طرح نمک پاؤڈر 13.96 فیصد، چنے کی دال 13.52 فیصد جبکہ مسور کی دال 12.26 فیصد سستی ہوئی۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ توانائی، ایندھن اور بعض بنیادی غذائی اشیا کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ بدستور صارفین پر دباؤ کا باعث بنا ہوا ہے۔