Pakistan

ناران، چراگاہ کے تنازع پر پتھروں کے وار سے 2 بچے قتل، تمام ملزمان گرفتار

ناران، چراگاہ کے تنازع پر پتھروں کے وار سے 2 بچے قتل، تمام ملزمان گرفتار
۸ گھنٹے پہلے

 ناران ڈنہ میں چراگاہ کے تنازع پر 2 کمسن بچوں کے بہیمانہ قتل کا معاملہ، پولیس نے مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ 3 ملزمان نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی۔ پولیس نے ملزمان کی بلر تصاویر بھی میڈیا کو جاری کردی ہیں۔

 

مانسہرہ کے سیاحتی علاقے ناران میں ڈنہ کے مقام، ربائی ماہلی میں چراگاہ میں بکریاں چرانے کے تنازع پر 2 کمسن بچوں کے قتل کے اندوہناک واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

 

تھانہ ناران پولیس کے مطابق واقعہ 10 ستمبر 2026 کو پیش آیا، جب ہری پور سے تعلق رکھنے والے 14 سالہ رشید ولد حیدر زمان اور 12 سالہ عبدالرحمن ولد جمال ربائی ماہلی ناران میں بکریاں چرا رہے تھے۔ اسی دوران چراگاہ کے معاملے پر مبینہ طور پر تنازع پیدا ہوا، جس کے نتیجے میں دونوں بچوں کو قتل کردیا گیا۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ناران میں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور ان کی گرفتاری کے لیے فوری کارروائی شروع کردی گئی۔

 

ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کے سخت احکامات پر ایس پی بالاکوٹ صابر خان تنولی کی نگرانی میں ڈی ایس پی پارس صداقت نثار، ایس ایچ او تھانہ ناران راجہ ساجد اور دیگر پولیس افسران و اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کو قانون کے شکنجے میں لے لیا۔

 

پولیس کے مطابق ملزم مسکین ولد اکبر، سکنہ ربائی مالی ڈنہ ناران کو باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا، جبکہ دیگر نامزد ملزمان بھٹو، رنگین اور عالمزیب بھی قانونی کارروائی کے دائرے میں ہیں اور انہوں نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی ہے۔

پولیس کی جانب سے مقدمے میں نامزد ملزمان کی بلر تصاویر بھی میڈیا کو جاری کردی گئی ہیں۔

 

مانسہرہ پولیس کا کہنا ہے کہ 2 کمسن بچوں کے قتل کے اس مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور کیس میں تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جارہے ہیں۔پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق مزید شواہد اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے، جبکہ قانون کے مطابق آئندہ کارروائی بھی جاری رہے گی

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں