کوہاٹ ،سونے کی کان پر فائرنگ، 4 افراد جاں بحق، راہگیر سمیت 3 زخمی
خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں مبینہ غیر قانونی سونے کی کان پر 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک راہگیر سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کا واقعہ گمبٹ تھانے کی حدود میں واقع دربو کچ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں سونے کی کان کنی کے معاملے پر 2 گروپوں کے درمیان مبینہ تنازع کے بعد ایک دوسرے پر فائرنگ کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی گمبٹ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو طبی مرکز منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
مقامی افراد کے مطابق فائرنگ کے دوران علاقے میں موجود لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی اور گولیوں کی زد میں آکر ایک راہگیر سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث افراد واقعے کے بعد فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے تلاش اور قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے ہیں اور واقعے کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق دربو کچ میں سونے کی کان کنی کے معاملے پر 2 گروپوں کے درمیان پہلے سے اختلافات چلے آرہے تھے اور فائرنگ کا واقعہ بھی اسی تنازع کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقام پر ندی نالوں کی ریت اور بجری سے پلیسر گولڈ یعنی سونا نکالنے کا کام مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر جاری تھا۔ کوہاٹ پولیس کے مطابق پورے ضلع میں پلیسر گولڈ نکالنے پر مکمل قانونی پابندی عائد ہے، تاہم بعض عناصر اس کے باوجود غیر قانونی سونے کی مائننگ میں ملوث ہیں۔
پولیس نے واقعے کا باقاعدہ مقدمہ درج کرکے قانونی اقدامات کا آغاز کردیا ہے، جبکہ فائرنگ کی اصل وجہ، ملوث افراد اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے، تاہم پولیس نے مزید کسی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے سکیورٹی بھی بڑھا دی ہے۔