Pakistan

ویسٹ منسٹرسکول میں بچی کو ہراساں کرنے کا واقعہ، این سی آر سی میں اِن کیمرہ بریفنگ

ویسٹ منسٹرسکول میں بچی کو ہراساں کرنے کا واقعہ، این سی آر سی میں اِن کیمرہ بریفنگ
۲ گھنٹے پہلے

ویسٹ منسٹر سکول میں بچی کے ساتھ مبینہ ہراسگی کے واقعے پر نیشنل کمیشن آن رائٹس آف چائلڈمیں ان کیمرہ بریفنگ مکمل ہوگئی۔

 

ذرائع کے مطابق متاثرہ بچی کے والدین نے چیئرپرسن این سی آر سی عائشہ رضا فاروق سے ملاقات کی اور انہیں اپنی بچی کے ساتھ پیش آنے والے مبینہ واقعے اور اپنے تحفظات سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ کیس ہائی پروفائل ہونے کے باعث فریقین کو الگ الگ سنا گیا۔

 

بریفنگ کے بعد چیئرپرسن این سی آر سی عائشہ رضا فاروق نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ کمیشن کو اسکول کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی، جس کے بعد تمام متعلقہ فریقین کو طلب کرکے ان کا مؤقف سنا گیا ہے۔

 

عائشہ رضا فاروق کے مطابق این سی آر سی اپنی انکوائری مکمل کرنے کے بعد مفصل رپورٹ جاری کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو سزا دینا کمیشن کا کام نہیں، بلکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد متعلقہ اداروں کو اپنی سفارشات بھجوائی جائیں گی تاکہ وہ قانون کے مطابق کارروائی کرسکیں۔

 

چیئرپرسن این سی آر سی نے بتایا کہ کمیشن اس معاملے کو صرف ایک واقعے کے طور پر نہیں بلکہ مجموعی صورتحال کے تناظر میں دیکھ رہا ہے۔ بچوں کے تحفظ سے متعلق موجودہ نظام اور قوانین کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ اسلام آباد میں سرکاری اور نجی اسکولوں کی تنظیموں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ سکول انتظامیہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی لے کر آئی تھی، تاہم کمیشن نے واضح کیا کہ محض فوٹیج دیکھ کر اس معاملے پر حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔ فوٹیج متعلقہ ادارے کو فراہم کی جائے گی، جو قانون اور اپنے دائرہ اختیار کے مطابق اس کا جائزہ لے کر نتیجہ اخذ کرے گا۔

 

عائشہ رضا فاروق نے بچوں کے ساتھ پیش آنے والے ایسے واقعات میں مبینہ اضافے کو معاشرے کے لیے تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ حلقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچی کے والدین کو تفصیل سے سنا گیا ہے اور ان کے تحفظات کو دور کیا جانا چاہیے۔

 

دوسری جانب بریفنگ کے بعد سکول انتظامیہ کی جانب سے بھی میڈیا سے مختصر گفتگو کی گئی۔ اسکول کے سی ای او راحیل سجاد نے کہا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے حوالے سے کوئی چیز برداشت نہیں کی جائے گی اور اس نوعیت کے واقعات کی صاف اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

 

تاہم سی ای او راحیل سجاد اور اسکول کے پرنسپل نے اپنے ہی اسکول میں پیش آنے والے مبینہ واقعے سے متعلق صحافیوں کے متعدد سوالات کے جوابات نہیں دیے اور میڈیا سے گفتگو کیے بغیر روانہ ہوگئے۔

 

این سی آر سی کے مطابق معاملے پر مزید تحقیقات ہونا باقی ہیں، جن کی تکمیل کے بعد کمیشن کی جانب سے مفصل رپورٹ اور سفارشات جاری کی جائیں گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں