Pakistan

جی بی 16 دیامر 2 میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی، پیپلز پارٹی کا امیدوار کامیاب

جی بی 16 دیامر 2 میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی، پیپلز پارٹی کا امیدوار کامیاب
۷ گھنٹے پہلے

گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی 16 دیامر 2 میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کے بعد انتخابی نتیجہ تبدیل ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں پیپلزپارٹی کے امیدوار عطا اللہ کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔

 

حکام کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 95 کے تحت الیکشن ٹربیونل کے حکم پر پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی اور جانچ پڑتال کی گئی۔ گنتی مکمل ہونے پر پیپلزپارٹی کے عطا اللہ نے 6 ہزار 618 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے مقابل امیدوار امام مالک کے ووٹوں کی تعداد 6 ہزار 605 رہی۔ یوں عطا اللہ کو 13 ووٹوں کی برتری حاصل ہوگئی۔

 

7 جون کو ہونے والے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں پوسٹل بیلٹس کو شامل کیے بغیر امام مالک کو کامیاب قرار دیا گیا تھا۔ انتخابی کامیابی کے بعد امام مالک استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے تھے۔

 

بعد ازاں پیپلزپارٹی کے امیدوار عطا اللہ نے امام مالک کی کامیابی کا نوٹیفکیشن الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کردیا، جس کے نتیجے میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا گیا۔

 

پوسٹل بیلٹس کی گنتی اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد ریٹرننگ افسر نے عطا اللہ کی کامیابی کا فارم 49 جاری کردیا، جس کے ساتھ ہی حلقے کا انتخابی نتیجہ باضابطہ طور پر تبدیل ہوگیا۔

 

عطا اللہ کی کامیابی کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی میں پیپلزپارٹی کی مجموعی نشستوں کی تعداد بڑھ کر 16 ہوگئی ہے، جبکہ انتخابی نتیجہ تبدیل ہونے سے استحکام پاکستان پارٹی کے ارکان کی تعداد کم ہوکر 6 رہ گئی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں