ارشد ندیم الٹی میٹ چیمپئن شپ میں بھی ناکام
پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس الٹی میٹ چیمپئن شپ میں جیولین تھرو کا میڈل حاصل نہ کرسکے۔
بڈاپسٹ میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس الٹی میٹ چیمپئن شپ کے جیولین تھرو فائنل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ارشد ندیم سمیت 8 ایتھلیٹس نے میدان میں اتر کر ٹائٹل کے لیے مقابلہ کیا۔
ارشد ندیم اپنی معمول کی شاندار کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور ابتدائی 3 تھروز کے بعد ہی مقابلے سے باہر ہوگئے۔
پاکستانی ایتھلیٹ نے پہلی کوشش میں جیولین 74.42 میٹر دور پھینکا، جبکہ دوسری تھرو 79.66 میٹر رہی۔
ارشد ندیم کی تیسری کوشش سب سے بہتر رہی، جس میں انہوں نے 81.49 میٹر کی تھرو کی، تاہم یہ کارکردگی انہیں اگلے مرحلے تک پہنچانے کے لیے کافی ثابت نہ ہوئی۔ وہ چوتھی تھرو کے لیے کوالیفائی نہ کرسکے اور یوں میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔
دوسری جانب جیولین تھرو کا ٹائٹل سری لنکا کے رُمیش پتھراگے نے اپنے نام کرلیا۔
رُمیش پتھراگے نے مقابلے کی آخری کوشش میں 91.09 میٹر کی شاندار تھرو کرکے نہ صرف سب کو پیچھے چھوڑ دیا بلکہ چیمپئن شپ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا۔