Sports

روبن نیوس کو جوٹا کا طعنہ دینے والے شائقین کو زندگی بھرسٹیڈیم نہیں آنے دینا چاہیے، رونالڈو

روبن نیوس کو جوٹا کا طعنہ دینے والے شائقین کو زندگی بھرسٹیڈیم نہیں آنے دینا چاہیے، رونالڈو
۴ گھنٹے پہلے

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی پرو لیگ کے میچ کے دوران اپنے سابق ساتھی آنجہانی ڈیوگو جوٹا کے نام پر روبن نیوس کو مبینہ طور پر طعنہ دینے والے شائقین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق رونالڈو نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد کو زندگی بھر  سٹیڈیم میں داخلے سے روک دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگ کو اس طرح کے رویے کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، کیونکہ یہ فٹبال نہیں ہے اور کھیل کے میدان میں بھی کچھ حدود ہونی چاہئیں۔

 

یہ واقعہ ہفتے کے روز بریدہ میں التعاون اور الہلال کے درمیان کھیلے گئے سعودی پرو لیگ کے میچ کے دوران پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں شائقین کو ’جوٹا‘ کے نعرے لگاتے ہوئے سنا اور دیکھا گیا۔

 

اس موقع پر الہلال کے کھلاڑی روبن نیوس نے شائقین کے نعروں پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی آنکھ کی جانب اشارہ کیا اور پھر آسمان کی طرف دیکھا۔

 

ڈیوگو جوٹا 3 جولائی 2025 کو اسپین میں پیش آنے والے ایک کار حادثے میں اپنے بھائی آندرے سلوا سمیت انتقال کر گئے تھے۔ روبن نیوس جوٹا کے قریبی دوستوں میں شامل تھے اور ان کی آخری رسومات کے دوران تابوت اٹھانے والوں میں بھی شامل رہے تھے۔

 

رونالڈو نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی واقعے کی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے اس طرز عمل کی مذمت کی اور کہا کہ ایسے رویے کو برداشت نہیں کیا جانا چاہیے۔

 

واقعے کے بعد الہلال نے سعودی فٹبال فیڈریشن میں باضابطہ شکایت بھی درج کرا دی ہے۔ دوسری جانب التعاون، سعودی پرو لیگ اور سعودی فٹبال فیڈریشن نے بھی شائقین کی جانب سے لگائے جانے والے نازیبا نعروں کی مذمت کی ہے۔

 

حکام کے مطابق مبینہ طور پر اس رویے میں ملوث افراد کی شناخت کرلی گئی ہے اور ان کے خلاف متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں