آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین رشتۂ ازدواج میں منسلک
آسٹریلیا کے ٹیسٹ کرکٹر اور ویسٹرن آسٹریلیا کے معروف آل راؤنڈر کیمرون گرین اپنی دیرینہ ساتھی ایملی ریڈوڈ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
27 سالہ کیمرون گرین اور ایملی ریڈوڈ نے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اپنی زندگی کے نئے سفر کا اعلان کیا۔
دونوں کی شادی کی تقریب کوٹسلو کے سوک سینٹر گراؤنڈز میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کیمرون گرین نے روایتی سیاہ ٹکسیڈو زیب تن کیا، جبکہ ایملی ریڈوڈ سفید عروسی لباس میں دکھائی دیں۔
شادی کی تقریب کے اختتام پر دوستوں اور اہلِ خانہ نے نوبیاہتا جوڑے کو پھولوں کی بارش کے ساتھ رخصت کیا۔ تقریب کے بعد کیمرون گرین اور ایملی ریڈوڈ نے ایک ساتھ رقص بھی کیا۔
کیمرون گرین نے فروری 2025 میں ایملی ریڈوڈ سے منگنی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے یالنگپ میں اپنی دیرینہ ساتھی کو شادی کی پیشکش کی تھی۔
شادی سے قبل دونوں تقریباً 5 برس تک ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں رہے۔ ایملی ریڈوڈ پیشے کے اعتبار سے ماہرِ غذائیت ہیں اور پی ایچ ڈی کی طالبہ بھی ہیں۔
کرکٹ کے میدان میں کیمرون گرین آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے اب تک 39 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔
دوسری جانب انہیں رواں ماہ کے اختتام پر جنوبی افریقا کے دورے کے لیے اعلان کردہ آسٹریلوی ٹیسٹ سکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔