World

عمان کے ساحل کے قریب تجارتی جہاز پر حملہ، 13 بھارتی ارکان ریسکیو، ایک لاپتہ

عمان کے ساحل کے قریب تجارتی جہاز پر حملہ، 13 بھارتی ارکان ریسکیو، ایک لاپتہ
۲۲ گھنٹے پہلے

عمان کے ساحل کے قریب تجارتی جہاز ایم ٹی ایل گائیا پر حملے کے نتیجے میں عملے کے 14 بھارتی ارکان میں سے 13 کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا، جبکہ ایک بھارتی شہری تاحال لاپتہ ہے۔

 

بھارتی وزارت خارجہ نے عمان کے ساحل کے قریب تجارتی جہاز پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمان میں موجود بھارتی سفارتخانہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

 

وزارت خارجہ کے مطابق جہاز پر عملے کے 14 بھارتی ارکان سوار تھے، جن میں سے 13 کو حملے کے بعد بچا لیا گیا، تاہم ایک بھارتی شہری اب بھی لاپتہ ہے۔ لاپتہ شہری کی تلاش کے لیے سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

 

بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ عمان میں بھارتی سفارتخانہ لاپتہ شہری کی تلاش اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے عمانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ریسکیو آپریشن میں ان کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔

 

وزارت خارجہ نے بھارتی شہریوں کو بحفاظت بچانے میں تعاون کرنے پر عمانی حکام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

 

بھارتی وزارت خارجہ نے خطے کی صورتحال پر اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دینے پر زور دیا۔

 

بیان میں کہا گیا کہ خطے میں تجارتی جہازوں، ملاحوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں، جبکہ کشیدگی میں کمی اور امن کے لیے سفارتی راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں