بابر اعظم کی 6 سیزن بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی کرکٹرز کو ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی ہدایات کے بعد بڑے ناموں کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کا سلسلہ جاری ہے، اور اب پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کریں گے۔ ٹیسٹ کپتان تقریباً 6 ڈومیسٹک سیزن کے وقفے کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کررہے ہیں۔
پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کا پہلا راؤنڈ ان دنوں جاری ہے، جبکہ ایونٹ کا دوسرا راؤنڈ 18 ستمبر سے شروع ہوگا۔ بابر اعظم وطن واپسی کے بعد تمام متعلقہ معاملات طے کرنے کے بعد ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔
بابر اعظم نے پاکستان میں اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ دسمبر 2019 میں سنٹرل پنجاب کی جانب سے کھیلا تھا، جس کے بعد وہ ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایکشن سے دور رہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی اور دیگر اہم کھلاڑیوں کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت کو لازم قرار دے رکھا ہے تاکہ انہیں طویل فارمیٹ کی کرکٹ کے لیے مسلسل مسابقتی ماحول میں کھیلنے کا موقع مل سکے۔
بابر اعظم کے ساتھ دیگر قومی کھلاڑی بھی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی بھی طویل عرصے کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس آچکے ہیں، جبکہ حارث رؤف، فخر زمان اور سلمان علی آغا سمیت کئی دیگر کرکٹرز پریزیڈنٹ ٹرافی میں ایکشن میں ہیں۔
قومی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت کو آئندہ ٹیسٹ مقابلوں کی تیاری کے حوالے سے بھی اہم قرار دیا جارہا ہے۔