Pakistan

سوات: ایشمل کے قتل کے خلاف احتجاج جاری،خواتین پھر سڑکوں پر نکل آئیں

سوات: ایشمل کے قتل کے خلاف احتجاج جاری،خواتین پھر سڑکوں پر نکل آئیں
۱۶ گھنٹے پہلے

سوات کے علاقے مدین  میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی کم سن ایشمل بی بی کے خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے مطالبے پر احتجاج کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا۔ شدید بارش اور خراب موسم کے باوجود خواتین نے ایک مرتبہ پھر احتجاجی مظاہرہ کیا، جبکہ نوجوانوں اور طلبہ نے بھی مختلف مقامات پر ہونے والے مظاہروں اور ریلیوں میں شرکت کی۔

 

مینگورہ کے نشاط چوک میں ایشمل بی بی کے حق میں احتجاج کیا گیا، جہاں شرکا نے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات مکمل کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

 

دوسری جانب مدین میں بھی شدید بارش مظاہرین کے عزم کو متزلزل نہ کرسکی۔ خواتین اور نوجوان گھروں سے نکلے اور ایشمل بی بی کو انصاف دلانے کے لیے آواز بلند کی۔

 

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کا احتجاج کسی سیاسی مقصد یا مفاد کے لیے نہیں بلکہ ایک معصوم بچی اور اس کے خاندان کو انصاف دلانے کے ساتھ معاشرے میں بچوں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ہے۔

 

اسی سلسلے میں حنیف ایجوکیشن اکیڈمی کے طلبہ نے مدین بازار اور مختلف مارکیٹوں میں پرامن احتجاجی ریلی نکالی۔ طلبہ نے بھی ایشمل بی بی کے لیے انصاف اور واقعے میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

 

ایشمل بی بی کو انصاف دلانے کے مطالبے پر یہ پانچواں احتجاج ہے، جبکہ اس سلسلے میں خواتین بھی الگ سے احتجاج ریکارڈ کراچکی ہیں۔

 

کم سن ایشمل بی بی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیے جانے کے واقعے نے علاقے میں شدید غم و غصے کو جنم دیا ہے اور مقامی سطح پر مسلسل احتجاج کیا جارہا ہے۔

 

احتجاج میں شریک خواتین، نوجوانوں اور طلبہ نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ کیس کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات جلد از جلد مکمل کرکے ذمہ دار قرار پانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

 

مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شدید بارش اور خراب موسم کے باوجود ایشمل بی بی کے لیے انصاف کی آواز بلند کرتے رہیں گے اور انصاف کی فراہمی تک اس معاملے کو اٹھایا جاتا رہے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں