Pakistan

مظفرگڑھ:مبینہ زیادتی کا نشانہ بننےوالا 15سالہ لڑکا دم توڑ گیا،ملزم گرفتار

مظفرگڑھ:مبینہ زیادتی کا نشانہ بننےوالا 15سالہ لڑکا دم توڑ گیا،ملزم گرفتار
۱ منٹ پہلے

مظفرگڑھ کے علاقے رنگ پور میں مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر زیادتی اور بدفعلی کا نشانہ بننے والا 15 سالہ لڑکا گزشتہ روز ہسپتال میں دم توڑ گیا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ ماہ 22 اگست کو پیش آیا تھا۔ الزام ہے کہ ملزم نے اسلحے کے زور پر 15 سالہ لڑکے کو قابو کرکے مبینہ طور پر زیادتی اور بدفعلی کا نشانہ بنایا۔

 

واقعے کے بعد متاثرہ خاندان شدید خوف اور صدمے میں مبتلا رہا، تاہم بعد ازاں اہل خانہ نے 28 اگست کو متعلقہ تھانے میں نامزد ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرایا۔

 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکا کچھ عرصے سے گردوں کے شدید مرض میں بھی مبتلا تھا اور طبیعت زیادہ خراب ہونے کے بعد ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

 

تاہم لڑکے کی موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کرایا جارہا ہے۔ تفتیشی حکام اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ موت صرف پہلے سے موجود بیماری کے باعث ہوئی یا مبینہ واقعے سے پہنچنے والے صدمے یا ممکنہ اندرونی چوٹوں کا بھی اس میں کوئی کردار تھا۔

 

حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم اور فارنزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد موت کی اصل وجہ اور واقعے سے اس کے ممکنہ تعلق کے بارے میں صورتحال مزید واضح ہوسکے گی۔

 

دوسری جانب ڈی پی او مظفرگڑھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی ہدایت کی، جس کے بعد تھانہ رنگ پور پولیس نے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم پولیس کی تحویل میں ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

 

ڈی پی او مظفرگڑھ کے مطابق کیس کی تحقیقات مکمل میرٹ پر کی جائیں گی، جبکہ پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ کی روشنی میں ضرورت پڑنے پر مقدمے میں مزید قانونی دفعات شامل کی جائیں گی تاکہ متاثرہ خاندان کو قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جاسکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں