Pakistan

پمز سے نومولود بچے کے اغوا کی کوشش ناکام، تین خواتین گرفتار

پمز سے نومولود بچے کے اغوا کی کوشش ناکام، تین خواتین گرفتار
۱ منٹ پہلے

  پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے زچہ و بچہ سینٹر (ایم سی ایچ) سے نومولود بچے کے مبینہ اغوا کی کوشش سکیورٹی عملے نے ناکام بنادی، جبکہ واقعے میں ملوث ہونے کے شبہے میں 3 خواتین کو حراست میں لے لیا گیا اور بچے کو بحفاظت اس کی والدہ کے حوالے کردیا گیا۔

 

واقعہ کیسے پیش آیا؟ طریقہ واردات


ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ایم سی ایچ کے جنرل وارڈ کے بیڈ نمبر 8 پر زیر علاج خاتون کے ساتھ پیش آیا، جس نے حال ہی میں بچے کو جنم دیا تھا۔

 

بتایا گیا ہے کہ خواتین نے پہلے نومولود کی والدہ سے قربت پیدا کی اور بچے سے محبت اور شفقت کا اظہار کرتے ہوئے مبینہ طور پر اس کا اعتماد حاصل کیا۔ موقع ملنے پر وہ نومولود کو لے کر وارڈ سے باہر نکل گئیں۔

 

اطلاعات کے مطابق خواتین نومولود کو لے کر ہسپتال کے 3 اندرونی سیکیورٹی چیک پوائنٹس عبور کرنے کے بعد مرکزی خارجی گیٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں۔

 

 

سکیورٹی گارڈ کی مستعدی، نومولود بحفاظت بازیاب

 


ہسپتال ذرائع کے مطابق خواتین کے ساتھ موجود ایک نوعمر لڑکی نے نومولود کو اٹھا رکھا تھا۔ مرکزی خارجی گیٹ پر تعینات سکیورٹی گارڈ کو ان کی نقل و حرکت مشکوک محسوس ہوئی تو اس نے انہیں روک لیا اور فوری طور پر ہسپتال انتظامیہ کو آگاہ کیا۔

 

سکیورٹی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں نومولود کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا، جبکہ 3 خواتین کو موقع پر حراست میں لے لیا گیا۔

 

 

ملزمات کی شناخت اور پولیس کارروائی

 


واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ کراچی کمپنی کی پولیس ٹیم پمز اسپتال پہنچی اور زیر حراست خواتین کو اپنی تحویل میں لے کر مزید کارروائی شروع کردی۔

 

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خواتین کا تعلق لاہور کے علاقے قلعہ گجر سنگھ سے بتایا گیا ہے۔ زیر حراست خواتین کی شناخت عائشہ، علیشاہ اور ہیرا پرویز کے ناموں سے ہوئی ہے۔

 

بتایا گیا ہے کہ ان میں سے 2 آپس میں سگی بہنیں جبکہ تیسری ان کی بیٹی ہے۔

 

ابتدائی تفتیش کے بعد تینوں خواتین کو مقدمے کے اندراج اور مزید قانونی کارروائی کے لیے ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا، جہاں ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

 

پولیس اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ آیا یہ واقعہ انفرادی طور پر کیا گیا یا زیر حراست خواتین کا کسی منظم بچوں کے اغوا کرنے والے گروہ سے ممکنہ تعلق موجود ہے۔

 

 

بچے کی حالت اور پمز انتظامیہ کا فیصلہ

 


پمز اسپتال انتظامیہ کے مطابق سیکیورٹی اور متعلقہ عملے کی بروقت کارروائی کے باعث نومولود کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور بچہ مکمل طور پر محفوظ اور اپنی والدہ کے پاس موجود ہے۔

 

واقعے کے بعد پمز اسپتال کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔

 

اس کے ساتھ یہ معاملہ بھی توجہ کا مرکز بن گیا ہے کہ خواتین نومولود کو لے کر مرکزی خارجی گیٹ تک پہنچنے سے پہلے ہسپتال کے 3 اندرونی سیکیورٹی چیک پوائنٹس عبور کرنے میں کیسے کامیاب ہوئیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں